ملک بھر میں آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد احتجاجی لہر جاری ہے، جس پر علما کرام نے عوام سے تحمل و صبر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ علما کرام نے خبردار کیا ہے کہ احتجاج کو شدت میں بدلنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے سے ملک دشمن فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس لیے شہری اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور پرامن طریقے سے احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
عوام سے اپیل کرتے ہوئے علما کرام نے کہا کہ پاکستان نے ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی سطح پر ایران کی حمایت کی ہے اور ہمیں دشمنوں کے اس ناپاک منصوبے کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ امت مسلمہ کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، لیکن دشمن اس سوگ اور غصے کو پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
علما کرام نے کہا کہ پاکستان، ایران کا مضبوط دست و بازو ہے اور تمام سازشوں کے باوجود اپنے برادر ملک کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔ گزشتہ رات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کے اجلاس میں ایران کی جانب سے پاکستان کے لیے اظہارِ تشکر اس ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جسے دشمن توڑنے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ دشمن چاہتا ہے کہ ہم فرقوں میں بٹ کر ایک دوسرے کے خلاف ہو جائیں، تاکہ وہ اپنے ایجنڈے خاموشی سے پورے کر سکیں۔ لہٰذا تمام پاکستانی عوام سے اپیل ہے کہ وہ امن، اتحاد اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے احتجاج کریں اور ملک دشمنوں کے منصوبے ناکام بنائیں۔





