بلوچستان میں افواج پاکستان نے ایک کامیاب فوجی کارروائی کے دوران افغان طالبان کے ڈرون کو جام کر کے گرایا، جس سے علاقے میں سیکیورٹی خطرے کو فوری طور پر ختم کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ ڈرون چائنیز ساختہ تھا اور بنیادی طور پر زرعی استعمال، خصوصاً کھیتی باڑی میں سنڈی مار سپرے کے لیے بنایا گیا تھا، تاہم طالبان کے غیر قانونی استعمال کی وجہ سے فورسز نے اسے نشانہ بنایا۔
ڈرون گرنے سے کسی عام شہری یا شہری املاک کو نقصان نہیں پہنچا، اور کارروائی کے دوران حفاظتی اقدامات کو اولین ترجیح دی گئی۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی طالبان کے خطرناک اقدامات کو ناکام بنانے کے ضمن میں کی گئی اور پاک فوج خطے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ساختہ ڈرونز کا غیر قانونی استعمال دہشت گردی کے مقاصد کے لیے ایک بڑھتا ہوا خطرہ ہے، اور پاک فوج کی بروقت کارروائی اس بات کا مظہر ہے کہ ملکی حدود میں کسی بھی غیر قانونی یا خطرناک سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پاک فوج نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک پرواز یا ڈرون کے بارے میں فوری اطلاع متعلقہ سیکیورٹی اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔





