رمضان، عید کو کسی کمیٹی کی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے، ایمل ولی

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ایمل ولی خان نے رویت ہلال کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے اسے خالصتاً سیاسی معاملہ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے ٹیکسوں پر عیاشی کرنے والی اس کمیٹی کی جوابدہی سیاسی قیادت کو کرنی چاہیے۔

اپنے تازہ بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ روزہ اور عید مذہبی فرائض ہیں، جنہیں کسی مخصوص کمیٹی یا گروہ کی نذر کرنے کے بجائے علم، عقل اور تحقیق کی روشنی میں ادا کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے چند معتبر علمائے کرام سے مشورہ کرنے کے بعد اپنے ساتھیوں کو تجویز دی کہ رمضان جیسے مقدس مہینے کو کسی کمیٹی کی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ سائنسی اصولوں کو اپناتے ہوئے اور امتِ مسلمہ کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر روزے اور عید کے فیصلے کرنے چاہئیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ دین کسی مخصوص طبقے کی اجارہ داری کا محتاج نہیں بلکہ ضروری ہے کہ علم و تحقیق کی روشنی میں درست راستے کا تعین کیا جائے۔

انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں تمام مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد بھی دی۔

مزید پڑھیں: ایمل ولی خان کا رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ ماننے سے انکار، کارکنان کو کل روزہ رکھنے کا مشورہ

Scroll to Top