ابوظبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے تعلیم کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو گولڈن ویزے جاری کر دیے ہیں۔
اس اقدام کے تحت 16,456 افراد کو گولڈن ویزے دیے گئے ہیں، جو 10 سالہ رہائشی پرمٹ کے حامل ہیں۔
گولڈن ویزا حاصل کرنے والوں میں 10,710 ہائی اسکول کے بہترین طلبہ شامل ہیں، جنہوں نے اپنے امتحانات میں 95 فیصد سے زائد نمبروں کے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں دبئی میں پاکستانی کاروباری کمپنیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ
اس کے علاوہ، 5,246 یونیورسٹی گریجویٹس کو بھی گولڈن ویزے دیے گئے ہیں۔ 337 تعلیمی ماہرین اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ یونیورسٹیوں کے 147 گریجویٹس اور 16 سائنسدانوں کو بھی یہ اعزاز دیا گیا ہے۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ گولڈن ویزا پروگرام کا مقصد عالمی سطح کے ٹیلنٹ کو یو اے ای میں مستقل رہائش فراہم کرنا ہے تاکہ یہ افراد تعلیم کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔