خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 مارچ کو انسدادِ دہشتگردی مہم کے تحت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد پانچ خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
بیان کے مطابق بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید تین دہشتگرد مارے گئے۔ اسی طرح خیبر اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی دو دیگر کارروائیوں میں پانچ خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ یہ عناصر علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقوں میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں، جبکہ علاقے میں موجود ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ عزمِ استحکام آپریشن کے تحت نیشنل ایکشن پلان کے مطابق غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔





