پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے افغان کرکٹر راشد خان کے خاندان کے ہمراہ پشاور میں قیام کی خبروں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے افغان مہاجرین پر سخت تنقید کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ کچھ افغان مہاجرین پاکستان کی جانب سے دیے گئے تحفظ اور بہتر زندگی کے مواقع کے باوجود ’’زہریلی تنقید‘‘ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگ نہ صرف ناشکرے ہیں بلکہ انہی لوگوں کے خلاف زہر اگلتے ہیں جنہوں نے انہیں پناہ اور باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کیے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر راشد خان کے پشاور میں قیام کی خبر درست ہے تو انہیں کہیں اور پناہ لینی چاہیے۔ ان کے بقول گزشتہ نصف صدی کے دوران لاکھوں لوگوں نے پاکستان کو دھوکہ دیا اور اب وقت آ گیا ہے کہ سب لوگ اپنے گھروں کو واپس جائیں۔
واضح رہے کہ وزیر دفاع کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا صارف ثنا یوسفزئی نے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا کہ افغان کرکٹر راشد خان اور ان کا خاندان سیکیورٹی خدشات کے باعث پشاور میں مقیم ہے۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے افغانستان کے موجودہ حالات پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد وہاں ’’فرشتے حکمرانی کر رہے ہیں‘‘۔
دوسری جانب اس معاملے پر راشد خان یا ان کے خاندان کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔





