انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ 2026 کے اختتام پر ایونٹ کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستان کے جارح مزاج اوپنر صاحبزادہ فرحان اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے ٹورنامنٹ میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو سنچریاں اسکور کیں اور مجموعی طور پر 300 سے زائد رنز بنا کر دنیا کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوئے۔ آئی سی سی نے ان کی اس مستقل مزاجی کو سراہتے ہوئے انہیں ورلڈ الیون کا حصہ بنایا ہے۔
ورلڈ کپ کی اس ٹیم کی قیادت جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم کو سونپی گئی ہے، جبکہ ان کی ٹیم کے فاسٹ بولر لنگی این گیڈی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کا ٹیم میں غلبہ نظر آتا ہے، جس میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پانے والے سنجو سیمسن، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے ول جیکس اور اسپنر عادل رشید اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار آل راؤنڈر جیسن ہولڈر اور زمبابوے کے بلیسنگ موذاربانی کو بھی بہترین کارکردگی پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ امریکہ کے شیڈلے وین شاکلک کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔





