پاکستان کی سلامتی اور مفاد سب سے پہلے ہے ،خارجہ پالیسی پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،عطا تارڑ

پاکستان کی سلامتی اور مفاد سب سے پہلے ہے ،خارجہ پالیسی پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے آج مشترکہ پریس کانفرنس میں خطے کی کشیدہ صورتحال اور پاکستان کی خارجہ پالیسی پر گفتگو کی۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ موجودہ خطے کی صورتحال انتہائی نازک ہے اور اس دوران پاکستان کی خارجہ پالیسی پر غیر ضروری مباحثے سے اجتناب کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے معاملات کو سفارتی طریقے سے حل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنا موقف واضح انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں اور موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر روس کا دورہ ملتوی کیا گیا ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ اگر کوئی سرخ لکیر کراس کرتی ہے تو قانون حرکت میں آئے گا اور ملک کی سلامتی ہر صورت میں یقینی بنائی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور قومی مفاد سب سے پہلے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خارجہ پالیسی کو مقامی سیاست یا ذاتی ایجنڈے کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ موجودہ حالات میں دفتر خارجہ کا کردار کلیدی رہا ہے اور غیر ملکی ممالک، خصوصاً مسلم ممالک، یہ سمجھیں کہ پاکستان کا موقف ریاستی سطح پر ہے نہ کہ سیاسی افراد کی رائے پر مبنی۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہم نے کشیدگی میں کمی لانے کی کوشش کرنی ہے اور عوام کو مثبت سوچ کے ساتھ صورتحال کو سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ زیادہ ویوز حاصل کرنے کے لیے غلط بیانی یا افواہوں کا پھیلاؤ خطے میں مزید الجھن پیدا کر سکتا ہے۔

Scroll to Top