پی ٹی آئی کے اجلاس میں گرما گرمی، بانی کی صحت پر قرارداد لانے کا اعلان

اسلام آباد: اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کی سیاسی حکمت عملی بانی پی ٹی آئی کے مقدمات ان کی صحت اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے دوران بعض ارکان کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے کے باعث کچھ دیر کے لیے ماحول کشیدہ بھی ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی قیادت اور اراکین نے عمران خان کے خلاف جاری مقدمات اور ان کی صحت کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس دوران پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا اور اس معاملے کو پارلیمان میں بھرپور انداز میں اٹھانے پر اتفاق کیا۔

اجلاس کے دوران شاہد خٹک اور ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور کے درمیان کسی معاملے پر اختلاف پیدا ہو گیا جس کے نتیجے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ تاہم پارٹی کی دیگر قیادت نے صورتحال کو سنبھال لیا اور اجلاس کا عمل جاری رکھا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پارٹی کے تقریباً 100 اراکین نے بانی پی ٹی آئی کی صحت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور بانی کی صحت سے متعلق معاملہ پارلیمان میں اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے ایک قرارداد قومی اسمبلی پاکستان میں پیش کی جائے گی تاکہ حکومت کو اس معاملے پر توجہ دلائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت چاہتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران میں پھنسے پاکستانیوں سے متعلق بڑی پیش رفت

بیرسٹر گوہر کے مطابق اجلاس میں خطے کی موجودہ صورتحال، خصوصاً ایران میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر بھی غور کیا گیا۔

پارٹی ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو خطے کی صورتحال کے پیش نظر محتاط اور ذمہ دارانہ پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ پارلیمانی حکمت عملی، عوامی مسائل کو پارلیمان میں اجاگر کرنے اور پارٹی کے اندرونی معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ قیادت نے ارکان کو متحد رہ کر سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

Scroll to Top