امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینٹکی میں ایک ریلی کے دوران دعویٰ کیا کہ گزشتہ 11 دنوں میں امریکی فوج نے ایران کے خلاف شاندار کارروائی کرتے ہوئے ایرانی بحریہ کو تقریباً تباہ کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی فورسز نے ایران کے 58 بحری جہاز تباہ اور 31 بارودی سرنگیں ناکارہ بنائی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج ایران کے خلاف جنگ جیت چکی ہے، لیکن وہ فوری طور پر ملک چھوڑنا نہیں چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تب تک وہاں رہیں گے جب تک ہمارا مقصد مکمل نہ ہو جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایران کی فضائیہ کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور ایرانی فوج کی کارروائی کرنے کی صلاحیت کو تقریباً ختم کر دیا گیا ہے۔
تیل کی قیمتوں اور عالمی توانائی بحران کے حوالے سے امریکی صدر نے کہا کہ آئی ای اے نے اسٹریٹجک تیل ذخائر سے 40 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے پر اتفاق کیا، جس سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عظیم شاعر حبیب جالب کی مداحوں سے بچھڑے 33 برس بیت گئے
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ عالمی تیل کی قیمتیں کم کرنے کے لیے اپنے اسٹریٹجک ذخائر سے فائدہ اٹھائے گا۔
امریکی صدر کے دعوے کے بعد ایران کے حکام کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی سے عالمی توانائی مارکیٹ اور بین الاقوامی تعلقات پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔





