لالی وڈ کے معتبر اداکار عاصم بخاری 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

لالی وڈ کے سینئر اداکار عاصم بخاری لاہور میں انتقال کر گئے۔

فیملی ذرائع کے مطابق 76 سالہ اداکار ایک عرصے سے گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور پچھلے پندرہ روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

عاصم بخاری نے شوبز کے مختلف شعبوں میں نمایاں کام کیا، جن میں ٹی وی ڈرامے، اسٹیج ڈرامے اور فلمیں شامل ہیں۔ انہیں اداکاری کا استاد بھی کہا جاتا تھا، اور وہ کئی نئے فنکاروں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ تھے۔

ان کا شمار پاکستان کے بہترین اور تجربہ کار اداکاروں میں ہوتا تھا۔شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد نے عاصم بخاری کے انتقال پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ان کے جانے سے فلم و ٹی وی انڈسٹری میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ عاصم بخاری نہ صرف ایک اداکار بلکہ ایک استاد اور رہنما بھی تھے۔

یہ بھی پڑھیں : عظیم شاعر حبیب جالب کی مداحوں سے بچھڑے 33 برس بیت گئے

ورثاء کی جانب سے نماز جنازہ کے اعلان کا ابھی تک کوئی باقاعدہ وقت نہیں دیا گیا۔واضح رہے کہ عاصم بخاری کے صاحبزادے اجلال بخاری بھی لندن کے ہسپتال میں پتھری کے باعث زیر علاج ہیں، جس کے باعث اہل خانہ کے لیے یہ وقت مزید مشکل ثابت ہوا ہے۔

عاصم بخاری کی زندگی اور کام کو یاد کرتے ہوئے شوبز شخصیات نے انہیں ایک نیک دل اور محنتی اداکار قرار دیا، جنہوں نے اپنے دور میں ناظرین کے دلوں میں خاص مقام بنایا۔

Scroll to Top