شمالی وزیرستان میں دفعہ 144 نافذ

شاکر خان

شمالی وزیرستان میں عید الفطر کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان محمد یوسف کریم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ پابندی 12 مارچ سے 31 مارچ 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔

اس دوران ہوائی فائرنگ، پٹاخوں کے استعمال اور کھلونا بندوقوں کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق سڑکوں پر خطرناک کرتب دکھانے، ون ویلنگ، ڈرفٹنگ اور گاڑیوں میں پریشر ہارن کے استعمال پر بھی سخت پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ دریاؤں اور جھیلوں میں نہانے، کشتی رانی اور ماہی گیری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ کے دوران امریکی طیارہ گر کر تباہ، سینٹکام نے تصدیق کردی

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی پر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید الفطر کے پرامن انعقاد اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Scroll to Top