مشرق وسطیٰ میں کشیدگی فوری ختم کی جائے،پاکستان کا سلامتی کونسل میں مطالبہ

پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں ایران سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے اور فریقین کو انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ مزید تنازع سے بچا جا سکے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ مستقل جنگ بندی قائم کی جائے اور مذاکراتی عمل کو دوبارہ شروع کیا جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کے جوہری مسئلے کے پرامن حل کے لیے پاکستان اپنی حمایت جاری رکھتا ہے۔

پاکستانی مندوب نے نشاندہی کی کہ ایرانی جوہری پروگرام پر سفارتکاری کے تعطل نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے اور تنازع کے پائیدار حل کے لیے سفارتکاری کے آزمودہ اصولوں کو اپنانا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں بڑھتی دہشتگردی پر اقوام متحدہ کی تشویش، طالبان حکومت کو خبردار کر دیا گیا

پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کا آج بھی یہی موقف ہے کہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہونا چاہیے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے تمام فریقین کو تعاون کرنا ہوگا۔

Scroll to Top