وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہاہے کہ آپریشن غضب للحق میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سوشل میڈیا ایکس پر جاری بیان میں عطا اللہ تارڑ نےکہا کہ آپریشن غضب للحق میں اب تک 663 دہشت گرد ہلاک اور 887 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 249 چوکیوں کو تباہ اور 44 پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرکے مطابق 224 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپ خانے بھی تباہ کیے جا چکے ہیں جبکہ افغانستان بھر میں دہشت گردوں کے 70 ٹھکانوں اور ان کے بنیادی ڈھانچے کو فضائی کارروائیوں میں مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق 12 اور 13 مارچ 2026 کی درمیانی شب پاکستان نے کابل، پکتیا اور قندھار میں دہشت گردوں کی تنصیبات، لاجسٹک بیسز اور تربیتی کیمپوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
وفاقی وزیر کے مطابق ویڈیو سے واضح ہے کہ پاکستان نے صرف ان تنصیبات کو نشانہ بنایا جو براہ راست یا بالواسطہ دہشت گردی میں معاون تھیںجبکہ کسی بھی شہری آبادی یا سویلین انفراسٹرکچر کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے افغان حکام اور میڈیا کے ان دعووں کو بھی مسترد کر دیا جن میں سویلین نقصانات کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا تھا۔





