مردان ،رستم میں مائننگ پلانٹ میں بارودی مواد پھٹنے سے دو مزدور جاں بحق

شہزاد راجہ
ضلع مردان تحصیل رستم کے علاقے پلوڈھیری سپنیکے میں مائننگ پلانٹ پر کام کے دوران بارودی مواد اچانک پھٹنے سے دو مزدور جاں بحق ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مزدور معمول کے مطابق مائننگ (کان کنی) میں مصروف تھے کہ وہاں موجود بارودی مواد اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔

دھماکا اتنا شدید تھا کہ دونوں مزدور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت جعفر سکنہ کانڑے عمر آباد اور سادہ خان سکنہ دیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور مقامی افراد نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔

مقامی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں مزدوروں کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقوں کی جانب منتقل کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب جاں بحق افراد کے ورثاء نے اس واقعے کو ایک اتفاقی حادثہ قرار دے دیا ہے، جس کے باعث مقامی پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

Scroll to Top