پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( پی ڈی ایم اے)نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل رات سے 16 مارچ کی صبح تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے ایک نئے اور طاقتور سلسلے کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
بالائی اضلاع بشمول چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات، بونیر اور ملاکنڈ میں بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا قوی امکان ہے جبکہ کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، شانگلہ، بٹگرام اور تورغر میں موسلادھار بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا سنگین خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ ڈی آئی خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے ندی نالوں میں طغیانی کی توقع ہے۔
اسی طرح مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور کرک میں بھی آندھی اور بارش کے باعث درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی واقع ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی سخت ہدایت کی ہے اور شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور کمزور عمارتوں سے دور رہیں۔
تمام اضلاع میں ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو مشینری سمیت تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔





