پشاور: تھانہ متنی پر دہشت گرد حملہ ناکام، پولیس کی فوری کارروائی سے منصوبہ پسپا

سلمان یوسفزئی
پشاور: تھانہ متنی پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں نے رات کے وقت تھانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔

پولیس کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی جانب سے تھانہ متنی پر حملہ کیا گیا تھا، لیکن سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی مستعدی کے باعث حملہ آور اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔

جوابی فائرنگ اور سخت مزاحمت کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور تھانے میں موجود تمام اہلکار محفوظ رہے۔

یہ بھی پڑھیں : لکی مروت میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک،اسلحہ برآمد

واقعے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش کیلئے مختلف مقامات پر تلاشی کا عمل جاری ہے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔

Scroll to Top