اسلام آباد: ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کے بعد مستقل ماہانہ آمدن حاصل کرنے کا نیا نظام متعارف کروا دیا گیا ہے، جس کے ذریعے وہ اپنی زندگی بھر کی جمع شدہ بچت کو ایک منظم ماہانہ آمدن میں تبدیل کر سکیں گے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے ملک کے ریٹائرمنٹ سسٹم کو مزید مستحکم اور معیاری بنانے کے لیے نئی اینیوٹی مصنوعات کی منظوری دے دی ہے۔
اس اقدام کا مقصد ریٹائرڈ ملازمین کو عمر کے آخری حصے میں مستقل اور یقینی ماہانہ آمدن کے ذرائع فراہم کرنا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق نئی اینیوٹی مصنوعات میں شامل ہیں،لائف کنٹنجنٹ اینیوٹیز، ڈیفرڈ اینیوٹیز،گارنٹیڈ پیمنٹ اینیوٹیز۔
یہ ہائبرڈ اسکیمیں ریٹائرڈ افراد کو زندگی بھر آمدن کی فراہمی اور یقینی ادائیگیوں کی ضمانت دیتی ہیں۔ نئے نظام کے تحت ریٹائر ہونے والے افراد اپنی جمع شدہ بچت کو ایک منظم ماہانہ آمدن میں تبدیل کر کے مالی استحکام حاصل کر سکتے ہیں۔
ایس ای سی پی حکام کا کہنا ہے کہ یہ مصنوعات مہنگائی کے بڑھتے ہوئے اثرات اور اوسط عمر میں اضافے کی وجہ سے پیدا ہونے والی مالی مشکلات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : موٹر سائیکل کو الیکٹرک بائیک میں تبدیل کرنے کا آسان طریقہ
مزید برآں یہ اینیوٹی مصنوعات روایتی انشورنس اور اسلامی نظامِ معیشت (تکافل)دونوں میں دستیاب ہوں گی، تاکہ ہر طبقہ فکر کے لوگ اپنی ترجیحات کے مطابق ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کا ریٹائرمنٹ سسٹم مضبوط ہوگا بلکہ معمر افراد کو معاشی طور پر خودمختار بنانے میں بھی مدد ملے گی، اور وہ اپنی زندگی کے آخری مراحل میں مالی تحفظ حاصل کر سکیں گے۔





