اسلام آباد: پاکستان میں حالیہ مہنگائی اور ایران کے خطے میں پیدا شدہ کشیدگی کے باوجود گاڑیوں کی فروخت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان آٹو موبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (Pak Auto Manufacturers Association) کے مطابق فروری 2026 میں گاڑیوں کی فروخت میں 41.7 فیصد اضافہ دیکھا گیا اور فروخت کی گئی گاڑیوں کی تعداد 17,121 یونٹس تک پہنچ گئی۔
گزشتہ سال اسی ماہ کے دوران صرف 12,084 گاڑیاں فروخت ہوئیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ موجودہ مالیاتی اور عالمی اقتصادی دباؤ کے باوجود صارفین کی گاڑی خریدنے کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے 8 مہینوں میں مجموعی طور پر 1,28,489 گاڑیاں فروخت ہوئیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 43.2 فیصد زیادہ ہیں، جس سے ملکی آٹو مارکیٹ میں مسلسل نمو کے آثار نظر آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : رمضان ریلیف پیکیج: 12,500 روپے حاصل کرنے میں رکاوٹیں ختم، جانیں کیسے؟
فروری میں موٹر سائیکلوں اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی پیداوار بھی متاثر کن رہی۔ رپورٹ کے مطابق پیداوار ایک لاکھ 57,543 یونٹس اور فروخت ایک لاکھ 59,512 یونٹس ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں مارکیٹ کی مضبوط طلب کا واضح ثبوت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باوجود گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ عوام کی ضرورت اور درآمدی پابندیوں کے باعث مقامی گاڑیوں کی جانب رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
اس کے علاوہ ایران میں کشیدگی اور عالمی اقتصادی دباؤ کے باوجود مقامی صارفین نے گاڑیاں خریدنا جاری رکھا، جس سے ملکی آٹو صنعت میں استحکام اور نمو کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔





