وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہےکہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو ممکنہ حد تک کم رکھا جائے۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت پیٹرولیم قیمتوں سے متعلق قائم کمیٹی کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں ذخائر کی صورت حال کا جامع جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی کو خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ ذخائر، درآمدی انتظامات اور سپلائی چین کی لاجسٹکس سے متعلق بریفنگ دی گئی، جبکہ راستے میں موجود کارگو جہازوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
کمیٹی ارکان نے بتایا کہ ملک میں پیٹرولیم ذخائر تسلی بخش سطح پر ہیں، سپلائی چین مؤثر ہے اور آئندہ ہفتے کے لیے بھی مناسب انتظامات موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عوام کیلئے بری خبر، پیٹرولیم ڈیلرز کا پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان
وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود بروقت منصوبہ بندی کی بدولت ملک میں سپلائی صورتحال مستحکم ہے۔
اجلاس میں عالمی سطح پر خام تیل کی حالیہ صورت حال اور ملکی معیشت پر اس کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔





