بھارتی رکنِ پارلیمنٹ اور سینئر سیاستدان ششی تھرور خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کی بہتر سفارتکاری کے معترف نکلے۔
بھارتی رکن پارلیمنٹ اور سینئر سیاستدان ششی تھرور نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان کی سفارتکاری بھارت کے مقابلے میں زیادہ بہتر رہی ہے جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کئی بڑی سفارتی غلطیاں کی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ششی تھرور نے کہا کہ عالمی سطح پر بدلتے حالات میں پاکستان نے سفارتی محاذ پر زیادہ احتیاط اور حکمت عملی کے ساتھ کام کیا ہے۔
ششی تھرور نے اعتراف کیا کہ یہ بات کہنا ان کے لیے آسان نہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں بہتر سفارتکاری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے بعض فیصلوں نے بھارت کی سفارتی پوزیشن کو کمزور کیا اور کئی مواقع پر ایسے اقدامات کیے گئے جو بعد میں غلط ثابت ہوئے۔
ششی تھرور نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں اور انسانی بحران پر دنیا بھر میں تشویش پائی جاتی ہے اور ایسے حالات میں عالمی رہنماؤں کو محتاط اور متوازن مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سیاست میں جنگ کوئی حل نہیں بلکہ سفارتکاری اور مکالمہ ہی مسائل کے حل کا راستہ ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ عالمی حالات میں چین، روس اور پاکستان جیسے ممالک کی سفارتی سرگرمیوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔





