کوہاٹ کے نواحی علاقے لاچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی کے مطابق، دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے کارروائی کی۔ جب پولیس کی نفری موقع پر پہنچی تو دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لکی مروت میں بھی سکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا، جس سے علاقائی سطح پر دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آ گئی ہے۔





