خیبر پختونخوا میں کفایت شعاری کا بڑا فیصلہ، سرکاری اخراجات میں 20 فیصد کمی کا اعلان، اعلامیہ جاری

خیبر پختونخوا میں کفایت شعاری کا بڑا فیصلہ، سرکاری اخراجات میں 20 فیصد کمی کا اعلان، اعلامیہ جاری

خیبر پختونخوا حکومت نے مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری اخراجات میں کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی محکمہ خزانہ نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق صوبے میں نان ایمپلائی ریلیٹڈ اخراجات میں 20 فیصد کمی کی جائے گی۔ یہ فیصلہ یکم اپریل سے 30 جون تک تین ماہ کے لیے نافذ العمل رہے گا۔ اس مدت کے دوران تمام سرکاری محکموں، نیم سرکاری اداروں اور خودمختار اداروں کو تنخواہوں کے علاوہ دیگر اخراجات میں بیس فیصد کمی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر ضروری اخراجات کو کم کرنا اور سرکاری وسائل کو بہتر انداز میں استعمال میں لانا ہے تاکہ مالی معاملات میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ یکم اپریل سے 30 جون تک سختی سے نافذ العمل رہے گا۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے تمام پرنسپل اکاؤنٹنگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

صوبائی حکومت کے اس اقدام کو مالی نظم و ضبط قائم رکھنے اور اخراجات کو قابو میں رکھنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس فیصلے سے حکومتی اداروں میں کفایت شعاری کو فروغ ملے گا اور دستیاب وسائل کو ترجیحی بنیادوں پر استعمال کیا جا سکے گا۔

Scroll to Top