بلوچستان حکومت نے نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے برقی موٹر سائیکل سکیم متعارف کرادی ہے، جس کے تحت کم قسطوں پر موٹر سائیکل حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ سکیم وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو آسان سفری سہولت دینا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا بتایا گیا ہے۔
سکیم کی تفصیلات
حکومتی اعلامیے کے مطابق برقی موٹر سائیکل کی مجموعی قیمت 1 لاکھ 75 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جس میں حکومت 30 فیصد سبسڈی فراہم کرے گی، جس کی مالیت 52 ہزار 500 روپے بنتی ہے۔
درخواست گزار کو پیشگی ادائیگی کے طور پر 17 ہزار 500 روپے جمع کروانے ہوں گے۔
باقی رقم یعنی 1 لاکھ 5 ہزار روپے بینک کے ذریعے مالی معاونت کی صورت میں ادا کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان حکومت کے ڈپٹی ترجمان کا بیان اپنے جرائم چھپانے کی ناکام کوشش ہے، عطا تارڑ
رقم کی ادائیگی آسان ماہانہ اقساط میں کی جائے گی، سکیم کے تحت درخواست گزار کو 24 ماہ تک ماہانہ 4,773 روپے کی قسط ادا کرنا ہوگی۔
مقصد اور فوائد
حکومت کے مطابق اس سکیم کا مقصد نوجوانوں کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ ایندھن پر اخراجات کم ہوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے۔
درخواست دینے کا طریقہ
خواہشمند امیدوار حکومت کی مخصوص ویب گاہ پر جا کر اپنی ذاتی معلومات درج کریں گے، مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں گے اور درخواست کی تصدیق مکمل کریں گے۔
اس کے بعد شفاف ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا، جنہیں برقی موٹر سائیکل فراہم کی جائیں گی۔





