شمالی وزیرستان: عیدالفطر پر سیکیورٹی اور احتیاطی تدابیر کا اہم الرٹ جاری

شاکر خان

میرانشاہ: ضلعی انتظامیہ شمالی وزیرستان نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی سیکیورٹی اور احتیاطی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کی خوشیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق عید کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے اور حادثات سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تیز رفتاری، ون ویلنگ اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو یہ بھی متنبہ کیا ہے کہ عید کی سیر و تفریح کے دوران دریاؤں اور دیگر خطرناک مقامات کے قریب جانے سے مکمل اجتناب کریں۔ پانی کے تیز بہاؤ والے مقامات پر نہانے یا سیلفیاں بنانے سے گریز کیا جائے تاکہ کسی بھی جانی نقصان یا حادثے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب نے عمرہ ویزوں اور زائرین کی روانگی کی آخری تاریخیں جاری کر دیں

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے کنٹرول رومز کو چوبیس گھنٹے کے لیے فعال کر دیا گیا ہے۔

شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں درج ذیل نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں:

ڈسٹرکٹ کنٹرول روم:
0928-300903 / 0928-300798
میرعلی کنٹرول روم
0928-214114

رزمک کنٹرول روم:
0928-230257

ریسکیو 1122 کنٹرول روم:
0928-312746 / 0928-312747

جبکہ ہنگامی امداد کے لیے ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جائے تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رہے اور تمام شہری عید کی خوشیوں کو محفوظ انداز میں منا سکیں۔

Scroll to Top