دبئی: فضائی کمپنی ایمریٹس نے مسافروں کو مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب وہ اپنی پروازیں اصل روانگی کے 72 گھنٹوں کے اندر آن لائن ری بُک کر سکتے ہیں۔
ایئرلائن کے مطابق پروازوں کے بدلتے ہوئے شیڈول کے پیش نظر مسافروں کو زیادہ لچک اور سہولت دینے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے تاکہ مسافر آسانی سے اپنے سفری منصوبوں میں تبدیلی کر سکیں اور انہیں غیر ضروری طور پر ہوائی اڈے جانے کی ضرورت نہ پڑے۔
ایمریٹس کا کہنا ہے کہ مسافر اپنی بکنگ کو کمپنی کی سرکاری ویب سائٹ یا Emirates App کے ذریعے منیج کر سکتے ہیں۔
اس سہولت کے تحت مسافر نئی تاریخیں منتخب کر کے کہیں سے بھی اپنے سفر کی منصوبہ بندی میں تبدیلی کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آسان اقساط پر اپنی الیکٹرک بائیک حاصل کریں ،صرف 5 ہزار ماہانہ
ایئرلائن کے مطابق وہ مسافر جو روانگی سے 72 گھنٹے قبل اپنی پرواز کو ری شیڈول کرنا چاہتے ہیں، انہیں کمپنی کی سپورٹ ٹیم سے براہ راست رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ مسافر ایمریٹس سپورٹ سے آن لائن یا براہ راست پیغام کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مسافروں کو آسان اور لچکدار سفری سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ بدلتے ہوئے علاقائی حالات کے دوران انہیں تازہ ترین رہنمائی اور مدد بھی فراہم کی جائے گی۔





