خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا فیصلہ، سرکاری اخراجات میں 20 فیصد کمی کا اعلان

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے نان ایمپلائی ریلیٹڈ اخراجات میں 20 فیصد کمی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ خزانہ کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق اخراجات میں کمی کا یہ فیصلہ یکم اپریل سے 30 جون تک تین ماہ کے لیے نافذ العمل رہے گا۔

اس دوران صوبے کے تمام سرکاری محکموں، نیم سرکاری اداروں اور خودمختار اداروں میں تنخواہوں کے علاوہ دیگر اخراجات میں 20 فیصد کمی کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا اور مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اب فلائٹ بدلنا مشکل نہیں، ایمریٹس نے آن لائن سہولت متعارف کرا دی

محکمہ خزانہ نے تمام پرنسپل اکاؤنٹنگ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور متعلقہ اداروں میں اخراجات میں کمی کے احکامات پر فوری طور پر عمل کیا جائے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ محدود مدت کے لیے کیا گیا ہے اور اس کے تحت صوبے میں غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

Scroll to Top