پشاور کے علاقے تھانہ ناصر باغ کی حدود میں واقع پولیس پوسٹ ‘سخی پل’ پر دہشت گردوں کی بزدلانہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق حملے کے بعد دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے، تاہم خوش قسمتی سے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، لیکن وہاں تعینات اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں حملہ ناکام رہا۔
واقعے کے فوراً بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ شہر بھر میں پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
پشاور کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی جاری ہے اور مشتبہ افراد و گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔





