ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے، جس سے گھریلو اور تجارتی صارفین پر مہنگائی کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 350 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ اوگرا کی مقرر کردہ قیمت 219 روپے 68 پیسے فی کلو ہے۔ اچانک قیمتوں میں اضافے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کوئٹہ میں بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، جہاں فی کلو 70 روپے اضافہ کے بعد قیمت 260 سے بڑھ کر 330 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے باعث بلوچستان کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی اسمگل شدہ ایرانی پیٹرول کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں سپلائی میں کمی اور عالمی حالات کے باعث قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی اور ایران سے متعلق صورتحال نے ایل پی جی کی سپلائی متاثر کی ہے، جس کے باعث قیمتوں میں اضافے کا رجحان بڑھ گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55، 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کے مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔





