خیبر پختونخوا میں بلدیاتی حکومتوں کی مدت ختم ہونے کے بعد صوبے بھر میں بلدیاتی نظام باقاعدہ طور پر تحلیل کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں میٹرو پولیٹن پشاور سمیت تمام اضلاع، تحصیلوں اور یونین کونسلز کے نمائندوں کو سرکاری گاڑیاں واپس کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ بلدیاتی فنڈز کا آڈٹ بھی کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بلدیاتی اختیارات عارضی طور پر ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو منتقل کر دیے گئے ہیں تاکہ انتظامیہ کے ذریعے شہری سہولیات اور ضروری خدمات بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
سکیورٹی صورتحال کے باعث صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام نے کہا کہ انتظامیہ عوامی تحفظ اور نظم و نسق کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کر رہی ہے۔





