ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ ایران اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کے ساتھ کھڑا ہے اور اپنی حاکمیت اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران ثابت قدمی اور استقامت کے ساتھ اپنے موقف پر قائم ہے اور کسی بھی جارحیت یا دباؤ کے سامنے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا اردو میں تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام نے ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ امریکی اور صہیونی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حکومت اور عوام نے ثابت قدمی سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، جس پر ایران تہہ دل سے شکر گزار ہے۔ عباس عراقچی کے مطابق اس طرح کے اقدامات خطے میں دوستی، اعتماد اور تعاون کو مضبوط کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات خطے میں امن اور استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں، اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں امریکی و صہیونی اثرات کے خلاف ایران کی پوزیشن اور اس کے دفاعی اقدامات زیرِ بحث ہیں، اور اس حوالے سے پاکستان کی یکجہتی اور حمایت بین الاقوامی سطح پر بھی قابل ذکر سمجھی جا رہی ہے۔





