پاکستانی اسٹارآئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے بلے باز صاحبزادہ فرحان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جہاں انہوں نے 160.25 کے جارحانہ اسٹرائیک ریٹ اور 76.60 کی اوسط سے مجموعی طور پر 383 رنز بنائے۔

انہوں نے بھارت اور سری لنکا میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ کے سات میچوں میں دو سنچریاں بھی اسکور کیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اس فہرست میں انگلینڈ کے ول جیکس اور امریکہ کے شیڈلے وین شیلوک کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان کو اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے لیے بھی شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جو ان کی بہترین فارم اور مستقل مزاجی کا اعتراف ہے۔

Scroll to Top