آپریشن غضب للحق، پاک افواج کے ننگرہار میں کامیاب فضائی حملے، لاجسٹک اور ٹیکنیکل انفراسٹرکچر تباہ

اسلام آباد: سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت پاک افواج کی جانب سے افغانستان میں کامیاب فضائی کارروائیاں جاری ہیں، جن میں اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 16 مارچ کی شب ہونے والی کارروائیوں کے دوران افغانستان کے دارالحکومت کابل اور صوبہ ننگرہار میں افغان طالبان کی فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کابل میں دو مختلف مقامات پر قائم تکنیکی معاونت کے ڈھانچے اور اسلحہ و گولہ بارود کے ذخائر کو مؤثر انداز میں تباہ کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فضائی حملوں کے بعد ہونے والے ثانوی دھماکوں سے بلند ہونے والے شعلوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ وہاں بڑی مقدار میں بارودی مواد موجود تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے ڈرگ اسپتال کو نشانہ بنانے سے متعلق بیان بے بنیاد اور مضحکہ خیز ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاک فضائیہ کے کابل اور ننگرہار میں حملے،بھارتی و اسرائیلی پرزوں سے ڈرون تیار کرنے والی 6 ورکشاپس تباہ

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ننگرہار میں بھی کارروائی کرتے ہوئے پاک افواج نے چار مختلف مقامات پر افغان طالبان کی فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

کارروائی کے دوران عسکری مراکز کے ساتھ موجود رسد سے متعلق ڈھانچے کو بھی تباہ کیا گیا، جبکہ فضائی حملوں میں اسلحہ و گولہ بارود کے ذخائر اور تکنیکی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت کارروائیاں اپنے اہداف کے مکمل حصول تک جاری رہیں گی۔

Scroll to Top