باجوڑ: صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 22 میں آپریشن سے متاثرہ خاندانوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد امدادی رقوم کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی نثار باز خان نے بتایا ہے کہ حلقہ پی کے 22 میں آپریشن سے متاثرہ خاندانوں کی نادرا کے ذریعے تصدیق 13 مارچ کو مکمل کر لی گئی تھی۔
اس عمل کے تحت دو ہزار چھ سو سے زائد متاثرہ خاندانوں کو امدادی رقوم فراہم کی جائیں گی، جو سم کارڈ کے ذریعے منتقل کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں سیکرٹری ریلیف اور پی ڈی ایم اے کے حکام کے ساتھ متعدد اجلاس منعقد کیے گئے تاکہ امدادی عمل کو منظم اور شفاف بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ متاثرہ خاندانوں کو تصدیق کے دوران کسی بڑی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا، کیونکہ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا گیا تھا۔
ایم پی اےنثار باز خان کے مطابق اس پورے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور نادرا کے اہلکاروں کے ساتھ قریبی تعاون کیا گیا، جبکہ علاقے کی ویلیج کونسلز کے منتخب نمائندوں اور عمائدین کو بھی اس عمل میں شامل کیا گیا تاکہ حقیقی متاثرین تک امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان حکومت کے ڈپٹی ترجمان کا بیان اپنے جرائم چھپانے کی ناکام کوشش ہے، عطا تارڑ
انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو امدادی رقوم کی فراہمی سے متعلق آگاہی پیغامات کے ذریعے دی جائے گی۔ ہر متاثرہ خاندان کو ایک لاکھ دس ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے اور یہ رقم ایک ہی قسط میں دی جا رہی ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ماضی میں آپریشن سے متاثرہ افراد کو امدادی رقوم قسطوں میں دی جاتی تھیں، تاہم اس مرتبہ یہ رقم ایک ہی بار فراہم کی جا رہی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف مل سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں کمی آئے گی اور انہیں جلد از جلد معمولات زندگی بحال کرنے میں مدد ملے گی۔





