ڈھاکہ: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے میچ میں پاکستانی کھلاڑی سلمان آغا کے متنازعہ رن آؤٹ پر قوانین بنانے والے ادارے میرلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔
ایم سی سی کے مطابق میچ کے دوران سلمان آغا کریز سے باہر تھے اور گیند کھیل میں تھی، اس لیے قوانین کے تحت انہیں واضح طور پر رن آؤٹ قرار دیا جا سکتا تھا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق امپائرز کے پاس انہیں آؤٹ دینے کے علاوہ کوئی اور راستہ موجود نہیں تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی بلے باز کو فیلڈنگ سائیڈ کی اجازت کے بغیر گیند اٹھانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ اس صورت میں قوانین کے مطابق اسے آؤٹ قرار دیا جا سکتا ہے۔
ایم سی سی نے یہ بھی وضاحت کی کہ کھلاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے سے گیند خود بخود ڈیڈ نہیں ہوتی اور کھیل جاری رہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : موٹرسائیکل رکشہ والوں کیلئے بڑی خوشخبری، حکومت کا اربوں روپے سبسڈی دینے کا اعلان
ایم سی سی کے مطابق اگرچہ قوانین کے تحت سلمان آغا رن آؤٹ تھے، تاہم **اسپرٹ آف کرکٹ** کے تحت بنگلہ دیشی ٹیم اپیل واپس لینے کا اختیار رکھتی تھی۔
یاد رہے کہ ڈھاکہ میں کھیلے گئے ون ڈے میچ کے دوران سلمان آغا کے رن آؤٹ ہونے پر شدید بحث شروع ہو گئی تھی، جس کے بعد کرکٹ قوانین کے نگراں ادارے ایم سی سی نے معاملے پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔





