اسلام آباد: عید سے قبل مہنگائی کا طوفان مزید تیز ہو گیا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گھی اور کوکنگ آئل بھی مہنگے ہو گئے ہیں، جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
شہر کی اوپن مارکیٹ میں اشیائے خور و نوش کی قیمتیں پہلے ہی بلند سطح پر ہیں، تاہم حالیہ دنوں میں درجہ دوم گھی اور کوکنگ آئل کی فی کلو قیمت میں مزید 20 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تاجروں کے مطابق نئی قیمتوں کے بعد درجہ دوم گھی اور کوکنگ آئل 545 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ اخراجات بڑھ گئے ہیں جس کے اثرات دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔ اسی وجہ سے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے قریب اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈھاکہ ون ڈے میں سلمان آغا کے رن آؤٹ پر ایم سی سی کا مؤقف سامنے آ گیا
شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے گزارا مشکل ہو چکا ہے اور اب مزید قیمتیں بڑھنے سے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کی نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔





