اقوام متحدہ کا بڑا اقدام! 22 افغان طالبان رہنماؤں پر عالمی پابندیاں عائد

اقوام متحدہ کا بڑا اقدام! 22 افغان طالبان رہنماؤں پر عالمی پابندیاں عائد

اقوام متحدہ نے افغان طالبان کے 22 اہم ارکان پر عالمی پابندیاں عائد کر دی ہیں، جن میں افغان عبوری حکومت کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ سمیت کئی سینئر رہنما شامل ہیں۔ اس اقدام کو عالمی سطح پر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مطابق پابندیوں کا مقصد عالمی امن و سلامتی کو درپیش خطرات کا تدارک کرنا ہے۔ فہرست میں شامل نمایاں شخصیات میں افغان عبوری وزیراعظم محمد حسن اخوند اور وزیر خارجہ سراج الدین حقانی بھی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق طالبان کو عالمی امن اور انسانی حقوق کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ افغان جریدے ’’ہشت صبح‘‘ کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم ’’ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس الائنس‘‘ نے اقوام متحدہ کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بروقت اور ضروری قرار دیا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ طالبان حکومت پر خواتین اور اقلیتوں کے حقوق محدود کرنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب برطانیہ نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے طالبان سے متعلق اپنی پابندیوں کی فہرست کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ پابندیاں طالبان قیادت پر بین الاقوامی دباؤ بڑھانے اور انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہیں۔

Scroll to Top