مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث ایران میں مقیم ہزاروں پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اور بڑی تعداد میں شہری گوادر اور چاغی کے راستے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ 28 فروری سے گزشتہ رات تک مجموعی طور پر 5615 پاکستانی شہری ایران سے واپس وطن پہنچے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران 2117 ایرانی ڈرائیورز سمیت 431 دیگر غیر ملکی شہری بھی ایران سے پاکستان میں داخل ہوئے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے گوادر اور چاغی پہنچنے والے مسافروں کی بہترین انداز میں دیکھ بھال کی اور انہیں ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے ضروری سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان سرحدی کراسنگ پوائنٹس پر مسافروں کی سہولت، حفاظت اور آرام کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر مستعد ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر وطن واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔





