وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایران میں موجود کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے اور مزید عدم استحکام کو روکنے کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے خطے کے ممالک کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، جس کی بنیاد پر وہ مختلف فریقین کے ساتھ رابطے میں ہے اور توازن قائم رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان مختلف شراکت داروں کے ساتھ مسلسل بات چیت میں مصروف ہے اور ہمیشہ چاہتا ہے کہ تعلقات میں توازن برقرار رہے۔ ان کے بقول، پاکستان خطے کے ممالک کے درمیان مؤثر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا:”ہم چاہتے ہیں کہ خطے کے ممالک کے تعلقات میں توازن قائم رہے اور پاکستان اپنی سفارتی مہارت اور دیرینہ تعلقات کی بنیاد پر اس عمل میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔‘‘





