ملک بھر سے مشرق وسطیٰ کے ممالک کی آج 83 پروازیں منسوخ

ملک بھر سے مشرق وسطیٰ کے ممالک کی آج 83 پروازیں منسوخ

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستان بھر سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی 83 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سے فجیرہ ایئرپورٹ کے لیے آج فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد، لاہور اور پشاور سے فجیرہ جانے والی تمام 8 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

کراچی سے دوحہ، بحرین، بغداد، دبئی، شارجہ اور ابوظہبی کے لیے 18 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جبکہ لاہور سے کویت، شارجہ، دوحہ، بحرین اور دبئی جانے والی 18 پروازیں بھی ملتوی کر دی گئی ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد سے 26 پروازیں، پشاور سے 11، سیالکوٹ سے 6 اور ملتان سے 4 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ تاہم فیصل آباد سے جدہ، دبئی، شارجہ اور مدینہ کے لیے تمام 9 پروازیں معمول کے مطابق آپریشنل رہیں۔

ذرائع کے مطابق ایران کے خلاف جاری جنگ کے 19 دنوں کے دوران پاکستان سے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 2,146 تک پہنچ چکی ہے، جو فضائی آپریشن پر پڑنے والے دباؤ کو ظاہر کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کی صورت میں مزید پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔

Scroll to Top