بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع، نوٹم جاری

اسلام آباد: پاکستانی فضائی حدود میں بھارتی طیاروں کی داخلے پر پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے اس حوالے سے نیا نوٹم جاری کیا ہے۔

بدھ کی دوپہر جاری ہونے والے 12ویں نوٹم کے مطابق بھارتی ائیرلائنز، انڈین آپریٹرز کے زیر استعمال طیارے، انڈیا میں رجسٹرڈ یا بھارتی فوجی طیارے پاکستانی فضائی حدود میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

نوٹم کے مطابق بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود 24 اپریل 2026 کی صبح 5 بجے تک بند رہے گی۔

پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستان نے پہلی بار بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود 23 اپریل 2025 سے بند کی تھی، اور نئے نوٹم کے مطابق یہ بندش مکمل ایک سال کے بعد بھی برقرار رہے گی۔

اس پابندی کی وجہ سے بھارت کی یومیہ تقریباً 200 سے زائد کمرشل پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔ طویل فاصلے کے مختلف ممالک کے لیے نئے اسٹاپ قائم کرنے اور مسافروں کو غیر ملکی ایئرلائنز پر شفٹ کرنے کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شہریوں کے لیے اہم اطلاع: نادرا کے دفاتر چار دن بند رہیں گے

مزید برآں ایران اور ایران کے فضائی حدود کی جنگی صورتحال کے باعث وہاں بھی پروازوں پر پابندی ہے، جس سے بھارتی ایئرلائنز کو نئی مشکلات اور اضافی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پی اے اے کا کہنا ہے کہ پابندی کا مقصد پاکستان کی قومی سلامتی کو یقینی بنانا اور کشیدگی کی موجودہ صورتحال میں فضائی حدود کی حفاظت کرنا ہے۔

Scroll to Top