عیدالفطر سے قبل ملک بھر میں موسم نے کروٹ لے لی ہے اور مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کے ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ استور، اسکردو، ہنزہ، وادی نیلم، کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ اور گوادر میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ چترال، سوات، دیر اور پشاور میں بارش کے ساتھ برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ19 سے 21 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
اتھارٹی نے برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے بھی خبردار کیا ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو بھی پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔





