فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی راولپنڈی میں اہل تشیع علما سے ملاقات، قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال
راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہل تشیع علما کرام سے ملاقات کی اور قومی سلامتی، سماجی ہم آہنگی اور اتحاد کے فروغ میں علما کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے زور دیا کہ اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں مذہبی علما کی شمولیت انتہائی اہم ہے
انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ بیانیے اور گمراہ کن معلومات کے خلاف علما کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں علما کی قیادت قابل ستائش ہے۔ فیلڈ مارشل نے اس موقع پر علما کی رہنمائی اور مشاورت کو قومی مفاد میں اہم قرار دیا اور کہا کہ مذہبی رہنما اپنی تعلیمات اور اثر و رسوخ کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔
اس ملاقات میں علما نے بھی قومی اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ مذہبی رہنما معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔





