خطے کی بگڑتی صورتحال! اے این پی کا عیدالفطر سادگی سے منانے اور عید ملن منسوخ کرنے کا اعلان

خطے کی بگڑتی صورتحال! اے این پی کا عیدالفطر سادگی سے منانے اور عید ملن منسوخ کرنے کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے خطے کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر عیدالفطر سادگی سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امسال ولی باغ میں عید ملن کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔

اپنے خصوصی پیغام میں ایمل ولی خان نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد عید ہمیشہ خوشیوں، محبت اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آتی ہے، تاہم اس بار عید ایک مختلف کیفیت میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری انسانیت، بالخصوص عالم اسلام شدید دکھ اور غم کی کیفیت سے دوچار ہے اور اگرچہ عید کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں، مگر دل بوجھل اور فضا اداس ہے۔

انہوں نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی صورتحال اور پاکستان و افغانستان کے درمیان تناؤ ہم سب کے لیے باعث فکر ہے۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ امن کی طرف واپسی کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ عدم تشدد، امن اور انسانیت کے فروغ کی داعی رہی ہے اور موجودہ حالات میں امن ہی خطے کے استحکام کا واحد راستہ ہے۔

ایمل ولی خان نے پارٹی کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عید کو سادگی سے منائیں اور حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ولی باغ سے عوام کی محبت اور عقیدت قابلِ احترام ہے، تاہم موجودہ حالات کے باعث عید ملن کا انعقاد ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسے معاشرے کے خواہاں ہیں جہاں تمام مذاہب، مسالک اور عقائد کا احترام کیا جائے۔ اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ فوری سیز فائر یقینی بنایا جائے اور مسائل کے حل کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے، کیونکہ دیرپا امن کا واحد حل بات چیت میں ہی مضمر ہے۔

Scroll to Top