خوشی کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے تعاون سے دنیا کے خوش ترین ممالک کی نئی فہرست جاری کر دی گئی، جس میں فن لینڈ مسلسل 9ویں سال دنیا کا خوش ترین ملک قرار پایا ہے۔
رپورٹ میں 147 ممالک کو شامل کیا گیا اور درجہ بندی کے لیے گیلپ ورلڈ پول کے 2023 سے 2025 تک کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا۔ ممالک کی درجہ بندی فی کس آمدنی، متوقع عمر، سماجی تعاون، آزادی، سخاوت اور کرپشن جیسے عوامل کی بنیاد پر کی گئی
فہرست کے مطابق فن لینڈ کے بعد آئس لینڈ دوسرے، ڈنمارک تیسرے اور کوسٹا ریکا چوتھے نمبر پر رہا، جبکہ سویڈن پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ دیگر نمایاں ممالک میں ناروے چھٹے، نیدرلینڈز ساتویں، اسرائیل آٹھویں، لکسمبرگ نویں اور سوئٹزرلینڈ دسویں نمبر پر رہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے اور ملک 5 درجے اوپر آ کر 104ویں نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ گزشتہ سال پاکستان 109ویں نمبر پر تھا۔ دوسری جانب بھارت 116ویں نمبر پر رہا۔
مسلم ممالک میں سب سے خوش ملک کا اعزاز کوسوو کے حصے میں آیا جو مجموعی طور پر 16ویں نمبر پر رہا، جبکہ متحدہ عرب امارات 21ویں اور سعودی عرب 22ویں نمبر پر رہے۔ حیران کن طور پر امریکا 23ویں نمبر پر رہا۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کا سب سے ناخوش ملک افغانستان قرار پایا، جو 147ویں نمبر پر موجود ہے۔ اس کے بعد سیرالیون، ملاوی، زمبابوے اور بوٹسوانا بالترتیب فہرست میں شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ رپورٹ دنیا بھر میں خوشی کے رجحانات کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور حکومتوں کے لیے پالیسی سازی میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔





