صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم اور معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خیبرپختونخوا حکومت کے عوامی ریلیف اقدامات اور کفایت شعاری کی تفصیلات پیش کیں۔
شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کی فلاح اور ریلیف میں سب سے آگے ہے اور رمضان پیکج پر اپوزیشن سیاست کر رہی ہے۔ ان کے مطابق جب بھی عوام کے لیے ریلیف اقدامات کیے گئے تو اپوزیشن نے تنقید کی، تاہم اگر کسی کے پاس بےقاعدگیوں کے شواہد ہیں تو وہ سامنے لے آئے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبہ کی غریب عوام کو 13 ارب روپے کے رمضان پیکج میں سے 82 فیصد رقم فراہم کر دی گئی ہے، اور صرف 18 فیصد رقم ابھی باقی ہے۔ شفیع جان نے پنجاب میں رمضان دسترخوان کے آخری عشرے میں بند ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت میں 6 فیصد اضافہ ہوا ہے، نہ کہ 20 فیصد جیسا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
مزید برآں شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے موٹر سائیکل سواروں کو ریلیف پیکج دیا ہے جس سے 16 لاکھ افراد مستفید ہوں گے، جبکہ بی آر ٹی کی ڈیزل بسوں کے کرایے میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ خواتین کی سہولت کے لیے 50 نئی “پنک بسیں” بھی چلائی جائیں گی۔ گندم کی کٹائی میں بھی کسانوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ شفیع جان نے کہا کہ ریلیف کی ایکٹیویٹی کے دوران ان کا ہیلی کاپٹر کریش ہوا، لیکن عوام کو ریلیف پہلے ملے گا، اس کے بعد ہیلی کاپٹر کے مسائل پر غور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری کے دعووں کے باوجود لاہور میں 11 ارب روپے کا 19 سیٹ والا جہاز خریدا گیا، اور وہاں صحافیوں کو سچ بولنے پر غائب کیا جاتا ہے۔ شفیع جان نے آخر میں کہا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہا ہے اور حکومت عوام کے ریلیف اور ترقیاتی کاموں کو ترجیح دے رہی ہے۔





