وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایات پر محکمہ صحت نے عیدالفطر کے موقع پر ممکنہ ایمرجنسی کے پیش نظر تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں کو الرٹ کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہسپتالوں میں 24/7 ایمرجنسی سروسز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
محکمہ صحت نے ہدایات دی ہیں کہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری یقینی بنائی جائے اور ڈیوٹی روسٹرز سختی سے نافذ کیے جائیں۔ بغیر پیشگی اجازت کوئی بھی افسر اپنی ڈیوٹی اسٹیشن نہیں چھوڑ سکے گا، جبکہ ایمبولینس اور ریفرل سروسز مکمل طور پر فعال رہیں گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ ادویات، آکسیجن، خون اور دیگر ضروری طبی سہولیات وافر مقدار میں دستیاب رہیں، اور حادثات یا ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات اور کنٹیجنسی پلان تیار رکھا جائے۔
تمام ہسپتالوں میں صفائی، حفظان صحت اور انفیکشن کنٹرول کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ گلیات، سوات، مالاکنڈ، ایبٹ آباد اور دیگر سیاحتی و ٹرانزٹ علاقوں میں ایمرجنسی سروسز کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
ڈی جی ہیلتھ سروسز نے ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر کے 24 گھنٹے مانیٹرنگ اور رابطہ کاری یقینی بنائی ہے۔ آئی ایم یو کے ذریعے ہیلتھ سہولیات کی مسلسل نگرانی، اسٹاف حاضری اور سروس ڈیلیوری پر نظر رکھی جائے گی۔ ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور رئیل ٹائم رپورٹنگ کے ذریعے فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے۔
متعلقہ افسران فیلڈ وزٹس اور جہاں ممکن ہو ورچوئل میٹنگز کے ذریعے نگرانی جاری رکھیں گے، جبکہ عوامی سہولت کے لیے ہیلپ لائنز فعال اور نمایاں طور پر مشتہر کی جائیں گی۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





