پاکستان میں ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے جہاں ملک بھر میں فائیو جی سروسز کو باضابطہ طور پر لانچ کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیر اعظم ہاؤس میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں پی ٹی اے نے تین بڑی موبائل کمپنیوں کو فائیو جی لائسنس جاری کیے۔
پی ٹی اے کے ڈی جی لائسنسنگ نے باقاعدہ دستخطوں کے بعد لائسنسز کے دستاویزات کمپنیوں کے نمائندوں کے حوالے کیے جس کے ساتھ ہی پاکستان تیز رفتار ڈیجیٹل دور میں داخل ہو گیا ہے۔
پی ٹی اے سے لائسنس کے حصول کے فوراً بعد جاز نے ملک میں اپنی فائیو جی سروس لانچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور ابتدائی مرحلے میں 180 سائٹس پر فائیو جی کو فعال کر دیا گیا ہے۔
اس اہم پیش رفت کے بعد اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد جیسے بڑے شہر اب فائیو جی نیٹ ورک سے منسلک ہو چکے ہیں۔
جاز کا یہ اسٹریٹجک اقدام ملک کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو نئی رفتار فراہم کرے گا جبکہ کمپنی کی جانب سے فائیو جی کے ساتھ ساتھ فور جی نیٹ ورک کی توسیع کا عمل بھی مسلسل جاری ہے۔
اس موقع پر سی ای او جاز عامر ابراہیم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باقاعدہ طور پر فائیو جی دور کا آغاز ہو چکا ہے جس سے ملک میں جدت، تیز رفتاری اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ڈیجیٹل سہولیات کو ہر پاکستانی کی پہنچ تک لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسپیکٹرم نیلامی میں جاز سب سے آگے رہا اور اس نے تمام اہم بینڈز بشمول 700، 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز اسپیکٹرم حاصل کر لیے ہیںجس کے بعد جاز ہر سطح پر نیٹ ورک کی مضبوط موجودگی رکھنے والا ملک کا واحد آپریٹر بن گیا ہے۔





