ڈیٹا ختم، بیلنس محفوظ! صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کو غیر متوقع ڈیٹا چارجز سے بچانے کے لیے اہم سہولت متعارف کرا دی ہے، جس سے صارفین اپنے بیلنس کو اضافی کٹوتی سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اکثر صارفین کو اس وقت مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب ان کا انٹرنیٹ پیکج ختم ہو جاتا ہے لیکن ڈیٹا استعمال جاری رہتا ہے۔

ایسی صورت میں مہنگے پے ایز یو گو (PAYG) نرخ لاگو ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں صارفین کا بیلنس تیزی سے ختم ہو سکتا ہے۔

اتھارٹی نے وضاحت کی کہ اس مسئلے کے حل کے طور پر تمام موبائل نیٹ ورکس پر “بیلنس سیو” یا PAYG بلاکر سروس فراہم کی جا رہی ہے۔

 اس سہولت کے تحت جیسے ہی صارف کا ڈیٹا بنڈل ختم ہوتا ہے، انٹرنیٹ خودکار طور پر بند ہو جاتا ہے، جس سے اضافی چارجز سے بچاؤ ممکن ہو جاتا ہے۔

صارفین اس سروس کو آسانی سے اپنے موبائل نیٹ ورک کے مخصوص کوڈ کے ذریعے فعال کر سکتے ہیں:

جاز صارفین کے لیے: *275#

زونگ صارفین کے لیے: *4004#

یوفون صارفین کے لیے: *6611#

ٹیلی نار صارفین کے لیے: *342#

یہ بھی پڑھیں : بشریٰ بی بی اور عمران خان کی عید پر ملاقات، وزیراعلیٰ کا بڑا مطالبہ

پی ٹی اے کے ترجمان کے مطابق ادارہ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ٹیلی کمیونیکیشن خدمات میں شفافیت کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے، اور یہ نئی سہولت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد صارفین کو غیر ضروری اخراجات سے بچانا ہے۔

Scroll to Top