اسلام آباد: سینئر سیاستدان مشاہد حسین سید نے ایران اور عالمی سطح پر جاری تنازعات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر جنگ کے نتیجے میں امریکہ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ عالمی اقتصادی اور توانائی کے بحران میں اضافہ ہوا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے الزام لگایا کہ تلسی گبارڈ پاکستان کے حوالے سے جھوٹ بول رہی ہیں اور نیتن یاہو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بلیک میل کر کے کشیدگی پیدا کی۔
ان کے مطابق چین اس بات پر مطمئن ہے کہ ایران نے موجودہ بحران کو مؤثر طریقے سے ہینڈل کر لیا ہے۔
مشاہد حسین سید نے زور دیا کہ گریٹر اسرائیل کو روکنے کے لیے مسلم امہ کو متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر مسلم امہ اس بات سے آگاہ ہے، لیکن کچھ حکمران خوف کی وجہ سے درست اقدام نہیں کر رہے۔
یہ بھی پڑھیں : صدر زرداری نے اہم قانون سازی، تقرری اور اعزازات کی منظوری دے دی
ان کے مطابق حالیہ اعلامیہ مسلم امہ کا نہیں بلکہ چند اسلامی ممالک کا ہے، اور ایران چاہتا ہے کہ خلیجی ممالک کی سرزمین ان کے خلاف استعمال نہ ہو۔
سینئر سیاستدان نے مزید کہا کہ امریکہ روس کو کمزور کرنے کے لیے یوکرین کی مدد کر رہا ہے، اور اگر روس اور چین ایران کی حمایت کر رہے ہیں تو یہ ایک مثبت اقدام ہے جو عالمی توازن کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔





